نئی دہلی،16؍مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت اپنے دو نئے وزراء کی تقرری میں ہو رہی تاخیر سے ناراض ہے۔دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے پریس کانفرنس کر کے کہا کہ 6؍مئی کو ایل جی کو دو وزراء کی تقرری کے لیے خط بھیج دیا تھا، لیکن مرکزی حکومت نے اب تک اس کو منظوری نہیں دی ہے۔سسودیا نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسا کس قانون کے تحت کر رہی ہے، یہ سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ وزیر ویں کی تقرری وزیر اعلی کا حق ہے اور تاریخ میں شاید پہلی بار اتنی تاخیر ہو رہی ہے۔دہلی حکومت کو دو وزراء کی ضرورت ہے۔غورطلب ہے کہ 6؍مئی کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کپل مشرا کو وزیر کے عہدے سے ہٹا کر نجف گڑھ کے ممبر اسمبلی کیلاش گہلوت اور سیما پوری کے ممبر اسمبلی راجندر پال گوتم کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا، حالانکہ دہلی کی کابینہ میں 31؍اگست 2016کے بعد سے ایک وزیر کم تھا۔